ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس اور جے ڈی ایس میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد، ریاست میں سیکولر اتحاد کو کامیاب بنانا ہمارا مقصد: کمارسوامی

کانگریس اور جے ڈی ایس میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد، ریاست میں سیکولر اتحاد کو کامیاب بنانا ہمارا مقصد: کمارسوامی

Tue, 26 Mar 2019 22:51:42    S.O. News Service

بنگلورو26؍مارچ(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا کہ لوک سبھا انتخابات کی وجہ سے کانگریس اور جے ڈی ایس اتحاد میں دراڑ پڑ گئی ہے اور کئی اضلاع میں دونوں پارٹیوں کے لیڈر ایک دوسرے سے ناراض ہیں۔

شہر میں بنگلوررورل حلقے کے کانگریس امیدوار ڈی کے سریش کے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر حاضر رہنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ریاست کے سبھی 28 حلقوں میں کانگریس اور جے ڈی ایس قائدین متحد ہوکر انتخابی مہم چلائیں گے اور ریاست کی زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر اتحاد کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ تمام حلقوں میں دونوں پارٹیوں کے قائدین مشترکہ طور پر انتخابی مہم چلائیں گے۔ 31مارچ کو انتخابی مہم کو شروع کرنے کے لئے ایک بہت بڑی ریلی کااہتمام مضافات بنگلور مادانائیکنا ہلی میں آنے والے انٹرنیشنل ایگزی بیشن سنٹر میں کیا جارہاہے۔ اس ریلی میں صدر کانگریس راہل گاندھی ، سابق وزیر اعظم دیوے گوڈا اور دونوں پارٹیوں کے سرکردہ رہنما شرکت کریں گے۔ اس ریلی کے ساتھ ہی ریاست بھر میں انتخابی مہم کو بڑے پیمانے پر آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ریاست میں مخلوط حکومت عوام کی امنگوں کے مطابق جس طرح کام کررہی ہے اسی بنیاد پر انتخابات میں بھی دونوں پارٹیاں متحد ہوکر عوام کو مرکزی سطح پر بہتر انتظامیہ فراہم کرنے کے لئے متحرک رہیں گی اور ساتھ ہی پچھلے پانچ سال کے دوران بی جے پی حکومت نے ملک کو معاشی تنزلی کی جن پستیوں تک پہنچایا ہے اس سے عوام کو آگاہ کرایا جائے گا۔

سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ویرپا موئیلی کے اس بیان پر کہ اس بار اگر وکلیگا فرقے کے لوگ بی جے پی کو و وٹ دیتے تو کمار سوامی وزیر اعلیٰ نہیں بنتے، وزیراعلیٰ نے کہاکہ بہتر ہے کہ دونوں پارٹیوں کے قائدین انتخابات پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام طبقات سیکولر اتحاد کو ووٹ دیں۔ بعض کانگریس لیڈروں کے ان بیانات پر کہ مخلوط حکومت کتنے دن چلے گی پتہ نہیں، کمار سوامی نے کہاکہ جب تک رہے گی دونوں پارٹیوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔اگر ایسے بیانات برسر عام دئے گئے تو عوام کو منہ دکھانا مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات کو اب صرف 25 دن باقی رہ گئے ہیں اسی لئے کانگریس اور جے ڈی ایس قائدین کو چاہئے کہ ایک دوسرے کی پارٹیوں پر تنقید کی بجائے متحد ہوکر عوام کو ایسا پیغام دیں کہ فرقہ پرست طاقتوں کوناکام بنانیکے لئے ریاست کی دونوں سیکولر جماعتیں مل کر کام کررہی ہیں۔ 


Share: